پہلے چور حاکم تھے ،وطن کے اصل مالک آ گئے ،مولوی عبد الحق حماد

طالبان رہنما مولوی عبدالحق حماد نے کہا ہے کہ پہلے چور حاکم تھے اب وطن کے اصل مالک آ گئے ہیں، طالبان کے فوجی کمیشن کے سربراہ مولوی محمد یعقوب کی بات طالبان کے لیے حرف آخر ہے۔افغان میڈیا کو انٹرویو میں طالبان رہنما مولوی عبدالحق حماد نے کہا کہ تمام صوبوں کے سقوط میں 50 سے زائد افراد نہیں مارے گئے، عوام کی حمایت نہ ہوتی تو صورتِ حال اتنے بہتر طریقے سے کنٹرول نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ فساد افغانستان کے سربراہ نے شروع کیا جو 4 گاڑیوں میں ڈالر بھر کر بھاگا، طے ہوا تھا اشرف غنی ٹیم کے ہمراہ اختیارات طالبان قیادت کے حوالے کریں گے۔مولوی عبدالحق نے کہا کہ طے یہ پایا تھا کہ اشرف غنی کا استعفیٰ قطر جاتا اور وہاں منظور کیا جاتا جس کے بعد نئے نظام پر اتفاق ہوتا، بہتر طریقے سے طالبان قیادت کو افغانستان میں آنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عملی طور پر اشرف غنی نے اپنی ٹیم اور قوم کے ساتھ خیانت کی، طالبان آج تمام افغانستان پر حاکم ہیں، متفقہ نظام کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔مولوی عبدالحق حماد نے کہا کہ 20 سال میں پہلی بار 2 راتوں میں کسی افغان کو قتل نہیں کیا گیا، 40 سال سے زیادہ تکلیف کسی قوم پر نہیں آئی اور افغانستان کے 40 سال ہو چکے ہیں۔