عشق میں ناکامی : نوجوان نے عمارت کو آگ لگادی، 7 افراد ہلاک

بھارتی شہری نے لڑکی کو سبق سکھانے کیلئے رہائشی عمارت کو نذر آتش کردیا، آتشزدگی کے باعث 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق رہائشی عمارت کو نذر آتش کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ بھارتی شہر اندور کے علاقے بریلی میں پیش آیا، پولیس نے عمارت کو آگ لگانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم شبھم نے پولیس حراست میں مبینہ طور پر اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ایک لڑکی کو سبق سکھانے کےلیے یہ قدم اٹھایا مگر وہ صرف لڑکی کی گاڑی (اسکوٹی) کو آگ لگانا چاہتا تھا۔آگ نے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت میں پھیل گئی جس کے نتیجے میں سات رہائشی ہلاک جب کہ نو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے ملزم کے خلاف انڈین پینل کورٹ کی دفعہ 302، 307، 436 کے تحت قتل، اقدام قتل اور گھروں کو نذر آتش کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سبھم ریاست اترپردیش، جھانسی کا رہائشی ہے جو بھوپال کے انجینئرنگ کالج میں آخری سال کا طالب علم ہے اور لڑکی سے محبت کرتا تھا مگر اس کی کہیں اور شادی طے ہونے پر غصے میں تھا اور غصے میں ہی عمارت کو آگ لگا دی۔رپورٹ کے مطابق ملزم شبھم حادثے کے روز لڑکی کو مسلسل فون کالز کررہا تھا، ہراساں کررہا تھا جس سے تنگ آکر لڑکی نے شبھم کو بلاک کردیا۔موبائل فون پر لڑکی کی جانب سے بلاک کیے جانے کے بعد شبھم طیش میں آگیا اور لڑکی کو سبق سکھانے کےلیے انتہائی قدم اٹھا لیا جس نے کئی بے گناہ انسانوں کی جانیں لے لیں۔لڑکی کو سبق سکھانے کےلیے رہائشی عمارت کو نذر آتش کرنے کے واقعے نے شہر کو ہلاکر رکھ دیا ہے، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر حکومتی اراکین بھی واقعے پر افسردہ ہیں۔