نائیجیرین صدر کے بیٹے کی شادی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی

نائیجیریا میں صدر کے بیٹے کی شاہانہ انداز میں منعقد کی گئی شادی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی، 100 نجی طیاروں میں ملکی اور غیر ملکی مہمان پہنچے، شاہی محل روایتی لوک افریقی موسیقی سے گونجتا رہا۔ نائیجیرین صدر کے بیٹے کی شاہی خاندان میں شادی سال کا سب سے بڑا سلیبرٹی ایونٹ بن گئی، یوسف بوہاری اور زہرہ ناصر کی شادی میں ملکی اور غیرملکی اہم شخصیات نے شرکت کی، مہمان سو سے زائد نجی طیاروں میں آئے، ایئرپورٹ پر طیاروں کی قطاریں لگ گئی۔ نائیجیریا کے شہر Kano کے شاہی محل میں ہزاروں مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا، قیمتی ملبوسات، خوبصورت سجاوٹ اور روایتی افریقی دُھنوں سے محل گونجتا رہا، خواتین نے فوک گانوں پر رقص بھی کیا۔

واضح رہے کہ دولہا اور دلہن کی ملاقات برطانیہ میں دوران تعلیم ہوئی تھی، دلہن کا تعلق مذہبی گھرانے سے ہے، شادی سے قبل دُلہن کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا کردیا، کسی نے دلہن کے لباس کو غیر اخلاقی قرار دیا تو کوئی دلہن کا دفاع کرتا نظر آیا۔

روایت کے مطابق دولہا کے خاندان نے دلہن والوں کو تقریباََ دولاکھ روپے ادا کئے، جو شمالی نائیجیریا میں رائج اوسط رقم سے تقریباََ دس گنا زیادہ ہے۔

شادی میں شرکت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نائیجیریا میں صدارتی اور شاہی خاندانوں کے درمیان ایسی شادی کی مثال نہیں ملتی، پر تعیش تقریبات کا سلسلہ ہفتے بھر جاری رہا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔