متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے لیے کی گئی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تجاویز پر گفتگو بھی کی۔
ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں مصر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پائیدار امن کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بحرین، سوڈان اور مراکش نے بھی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ مصر اور قطر نے حماس کے ساتھ اپنے تعلقات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے 11 روزہ جھڑپوں کے خاتمے کے لیے فریقین کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے لیے مصر اور قطر کو امریکا کی حمایت بھی حاصل تھی۔