’’لَبَّیْکَ اللَّھُمَّؔ لَبَّیْکَ ‘‘کی صدائوں میں مناسک حج کا آغاز میدان عرفات حجاج کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار

حجاج کرام کی منیٰ میں آمد کے ساتھ مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے، کل حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔ کرونا وائرس سامنے آنے کے بعد پچھلے سال محدود حج کی کامیابی کے بعد اس سال ساٹھ ہزار عازمین جن میں سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیر ملکی شامل ہیں، نے مناسک حج کا آغاز کیا ہے۔ مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ طواف قدوم ادا کرنے کے بعد عازمین کے قافلے گروپ کی شکل میں منیٰ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، عازمین حج آج منی میں یوم الترویہ گزاریں گے جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب، عشا اور پیر کی نماز فجر ادا کریں گے، بعد ازاں کل نو ذی الحجہ کو عازمین حج کے قافلے میدان عرفات پہنچ کر حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ میدان عرفات حجاج کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہے، یہاں حجاج نو ذی الحجہ کو ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرتے ہیں، بعد ازاں سورج غروب ہونے کے بعد حجاج مغرب کی نماز ادا کیے بغیر مزدلفہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں اور وہاں وہ رات گزارتے ہیں۔