قطرکا حماد ایئرپورٹ دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قرار

بہترین لگژری سہولیات اور فن تعمیر کے اعلی نمونے اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرمینل کمپلیکس کی وجہ سے قطرکے حماد ایئرپورٹ کو دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قراردیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں ایئر پورٹ کی رینکنگ کرنے والے ادارے اسکائے ٹریکس کے ورلڈ ایئرپورٹ سروے کے مطابق دنیا کے 10 بہترین ایئرپورٹس میں قطر کا حماد ایئرپورٹ سر فہرست ہے۔ جب کہ ٹوکیو کا ہانیدا ایئرورٹ دوسرے اور سنگاپور کا چانگی ایئرپورٹ تیسرے نمبر پر ہے۔  یہ فہرست 2020 تا 2021 کے عرصے میں دنیا بھر کے فضائی مسافروں سے کی گئی ووٹنگ کے بعد جاری کی گئی ہے۔

حماد ایئرپورٹ دارلحکومت دوحا میں واقع ہے۔ اس کا فن تعمیر بہت اعلی ہے، اس کے ٹرمینل کمپلیس کی تعمیرات کو فن تعمیر کا نمونہ اور سب سے زیادہ پُر آسائش مانا جاتا ہے۔ یہ قطر ایئر ویز کا مرکزی ہوائی اڈہ بھی ہے۔ 
جاپانی دارلحکومت ٹوکیو میں واقع ہانیدا ایئرپورٹ کا شمار دنیا کے سب سے مصروف ترین ایئرپورٹس میں کیا جاتا ہے۔ 90 سال پرانے اس ایئرپورٹ کے تین ٹر مینلز ہیں۔ 1945 سے 1952 تک اس ہوائی اڈے پر امریکا کا قبضہ رہا۔ یہ ہوائی اڈہ بھی اپنی سہولیات اور تعمیرات کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔ 
چانگی ہوائی اڈہ، سنگا پور
سنگاپور کے چانگی ایئر پورٹ کو مشرق بعید کے مصروف ترین مسافروں کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اس ایئر پورٹ سے اوسطا روزانہ 100ایئر لائنز دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک اور 400 شہروں کے لیے پرواز کرتی ہیں، تقریبا ہر ہفتے 7 ہزار 400 فلائٹ اس ایئرپورٹ پر آتی ہیں جو کہ ہر 80 سیکنڈ میں ایک پرواز بنتی ہے۔ 
 انچیون ایئر پورٹ، جنوبی کوریا
انچیون ایئرپورٹ جنوبی کوریا کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوائی اڈا ہے۔ اسے دنیا میں چوتھا  بہترین اور پہلا صاف ستھرا ایئرپورٹ قرار دیا گیا تھا۔
ٹوکیو ناریتا ایئرپورٹ، جاپان
ٹوکیو ناریتا ایئرپورٹ جاپان میں بہترین خدمات فراہم کرنے والے ایئر پورٹس میں سے ایک ہے۔ ناریتا جاپان ائیر لائنز کا بین الاقوامی حب بھی ہے، اسے نیو ٹوکیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی کہا جاتا ہے۔
ناریتا بین الاقوامی کارگو ٹریفک اور مسافروں کی وجہ سے جاپان کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے 4 ہزارمیٹر طویل مرکزی رن وے کو دنیا کا سب سے طویل رن وے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔