دھوکے سے انٹرویو کرنے کا الزام: شہزادی ڈیانا کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا، مارٹن بشیر

برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے صحافی مارٹن بشیر نے 25 سال قبل ‘دھوکے’ سے شہزادی ڈیانا کا انٹرویو کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر ان کے بیٹوں شہزادہ ولیم اور ہیری سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے عمل کو شہزادی کی موت سے منسلک کرنے کے دعوے ‘بلاجواز’ ہیں۔

خیال رہے کہ بی بی سی اور اس کے صحافی مارٹن بشیرپر الزام تھا کہ انہوں نے 1995 میں لیڈی ڈیانا اور اس کے بھائی کو جعلی دستاویزات دکھا کر انٹرویو دینے کے لیے قائل کیا تھا۔

تاہم تفتیشی رپورٹ آنے سے 10 روز قبل ہی مارٹن بشیر نے زائد العمری اور ناسازی طبیعت کے باعث بی بی سی کی ملازمت سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

مارٹن بشیر کئی دہائیوں سے بی بی سی سے منسلک تھے اور وہ اس وقت مذہبی معاملات کے علاقائی ڈائریکٹر تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق مارٹن بشیر نے اخبار سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ وہ شہزادی ڈیانا کے بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری سے دل سے معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں کبھی بھی کسی بھی طریقے سے شہزادی ڈیانا کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا اور میں نہیں مانتا کہ ہم نے ایسا کچھ کیا’۔

تاہم تفتیشی رپورٹ آنے کے بعد شہزاد ولیم نے کہا تھا کہ مارٹن بشیر کے عمل اور انٹرویو نے ان کے والدین کے رشتے کو ختم کرنے میں ‘بڑا کردار’ ادا کیا اور اس انٹرویو نے شہزادی ڈیانا کو ان کی زندگی کے آخری سالوں میں خوف اور تنہائی کا شکار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

دوسری جانب شہزادہ ہیری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ دھوکا دہی پر مبنی اس عمل نے ان کی والدہ کی موت میں بڑا کردار ادا کیا، انہوں نے کہا تھا کہ ‘استحصال اور غیراخلاقی پریکٹس کے کلچر نے بالآخر ان کی (شہزادی ڈیانا) جان لے لی’۔

انٹرویو میں لیڈی ڈیانا نے شوہر کے افیئرز پر کھل کر بات کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

 

تاہم مارٹن بشیر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نہیں سمجھتا کہ شہزادی ڈیانا کی زندگی میں رونما ہونے والے دیگر کئی عوامل اور ان فیصلوں سے جڑے پیچیدہ مسائل کا ذمہ دار مجھے ٹھہرایا جاسکتا ہے’۔

مارٹن بشیر نے کہا کہ ‘یہ کہنا کہ صرف میں ہر چیز کا ذمہ دار ہوں میرے خیال سے بلاجواز اور غیر منصفانہ ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ 1995 میں کیا گیا انٹرویو شہزادی ڈیانا کی شرائط کے مطابق نشر ہوا تھا اور وہ انٹرویو 2 کروڑ 28 لاکھ لوگوں کے دیکھنے کے باوجود بھی ہماری دوستی برقرار تھی۔

شہزادہ ہیری کے مطابق دھوکا دہی پر مبنی اس عمل نے ان کی والدہ کی موت میں بڑا کردار ادا کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

 

مارٹن بشیر کا کہنا تھا کہ ‘میں اور میرے اہلخانہ شہزادی ڈیانا سے محبت کرتے تھے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہزادی ڈیانا، ان کے بچے کی پیدائش پر ہسپتال گئی تھیں اور اہلیہ اور نومولود سے ملاقات کی تھی اور شہزادی نے ان کے بیٹے کی سالگرہ پر کنسنگٹن پیلس میں برتھ ڈے پارٹی بھی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں شہزادی ڈیانا کے بھائی کو وہ جعلی دستاویزات دکھانے پر افسوس ہے لیکن ان کے اس عمل کا شہزادی ڈیانا کے انٹرویو دینے کے فیصلے اور اس میں کیے جانے والے انکشافات پرکوئی اثر نہیں پڑا تھا۔