امریکی فوج کی خاتون اہلکاروں کو بال لمبے کرنے اور بناؤ سنگھار کی اجازت

 واشنگٹن: امریکی فوج کی خاتون اہلکاروں کو بال لمبے کرنے، بالیاں پہننے، لپ اسٹک اور نیل پالش لگانے کی اجازت دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج میں شامل خواتین کے لیے ’’گرومنگ پالیسی‘‘ پر نظر ثانی کی گئی ہے جس کے تحت وہ مرضی سے لمبے بال کرسکتی ہیں، کوئی ہیئر اسٹائل اپنا سکتی ہیں اور جُوڑا بھی باندھ سکتی ہیں۔

جو خواتین چٹیا پسند کرتی ہیں انہیں اس کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاہم ہیئر اسٹائل کے چناؤ کے لیے اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ آرمی کیپ یا ہیلمنٹ پہننے میں پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ جو خواتین بال منڈوانا چاہتی ہیں تو انہیں روکا نہیں جائے گا۔

پالیسی میں تبدیلی سے امریکی فوج کی خاتون اہلکار ڈیوٹی کے دوران بناؤ سنگھار بھی کر سکتی ہیں جن میں کانوں میں بالیاں پہننا، فیس پاوؐڈر، لپ اسٹک اور نیل پالش لگانا بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں خواتین فوجی اہلکاروں کو ٹریننگ اور دیگر پیشہ ورانہ کاموں کی انجام دہی کے دوران ایک مقررہ حد تک ہی بال بڑھانے کی اجازت تھی جب کہ بناؤ سنگھار پر مکمل پابندی عائد تھی۔