ابوظہبی: ریستوران میں دھماکے سے 2 افراد ہلاک

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے ایک ریستوران میں دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ریستوران میں دھماکا بظاہر گیس کی لائن میں ہوا۔ سرکاری اخبار دی نیشنل ڈیلی کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کے گورنر کے میڈیا آفس کی جانب سے گیس کے دھماکے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے رپورٹ کے مطابق دھماکا شہر کی راشد بن سعید اسٹریٹ میں واقع ریستورانوں ایف سی اور ہارڈیز میں ہوا اور قریبی واقع دیگر دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس اور امدادی کارکن اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔

ابوظہبی پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے سے متعدد افراد کو معمولی زخم آئے ہیں بکہ عمارتوں اور اطراف کے رہائشیوں کو وہاں سے منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس کے کنٹینر کی غلط تنصیب کے باعث ہوا۔ مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا میں زیرگردش تصاویرمیں دکھا جاسکتا ہے کہ دونوں ریستورانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور عمارت کی پہلی منزل سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ آواز گرجدار تھی اور ہم غلطی سے اس کو توپ کی آواز سمجھ بیٹھے تھے جو رمضان میں افطار کے وقت آتی تھی۔ خیال رہے کہ راشد بن سعید اسٹریٹ کو ایئرپورٹ روڈ بھی کہا جاتا ہے اور متوقع طور پر اسی جگہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی پرواز اترے گی۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں بحالی کے تاریخی معاہدے کے اعلان کے بعد اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تاریخی دورہ ہے۔ یاد رہے کہ 5 اگست کو رات گئے متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کے دارالحکومت میں سبزیوں اور پھلوں کی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عجمان پولیس کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النوامی نے بتایا تھا کہ آگ پر 3 گھنٹوں بعد قابو پایا تھا اور کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی تھی۔ عجمان پولیس کے کمانڈر ان چیف نے بتایا تھا کہ سول ڈیفنس ٰیونٹس، پولیس اور ایمبولینس کی 25 گاڑیوں نے بروقت ردعمل کا مظاہرہ کیا اور 3 منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ڈیفنس یونٹس نے ملحقہ عمارتوں کو خالی کرایا اور آگ پر قابو پایا جس کے بعد عمارت میں کولنگ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔