طالبان کی مزار شریف کی جانب پیش قدمی ،دو افغان کمانڈر 15 فوجیوں سمیت طالبان سے آملے ، قتل کے ڈر سے 19پائلٹ افغان ائیرفورس کی نوکریاں چھوڑگئے
افغانستان میں گھمسان کا رن جاری ہے، طالبان نے ساتویں صوبائی دارالحکومت فراہ پر بھی قبضہ کرنے دعویٰ کیا ہے۔ ادھر امریکا نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال تشویشناک ہے، اقوام متحدہ کے مطابق تین صوبوں میں لڑائی کے دوران 27 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ دوحہ میں تین روزہ بات چیت آج سے شروع ہو رہی ہے۔ افغانستان میں خاک اور خون کا کھیل جاری، طالبان نے ساتویں صوبائی مرکزفراہ پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا ہے، جنگجووں نے شہر کے مرکزی حصے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ افغان فورسز کے دو کمانڈر 15 فوجیوں کے ساتھ طالبان کے ساتھ آ ملے ہیں۔ مزار شریف میں شدید لڑائی جاری ہیں طالبان صوبہ بغلان کےشہر پل خمری میں بھی داخل ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق تین صوبوں قندھار، خوست اور پکتیا میں لڑائی کے دوران 27 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال تشویشناک ہے، تمام ہمسایہ ممالک ایسے اقدام نہ اٹھائیں جس سےکشیدگی کو ہواملے۔ افغان فورسز کو اپنے علاقوں کا دفاع خود کرنا ہے، افغان فورسز کی لاجسٹک اورمالی مدد جاری رکھیں گے۔ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں انڈیا کا نیا کردار کیا ہوگا، بھارتی صحافی کے بار بار سوال کرنے پر امریکی ترجمان نے یہ کہہ کر خاموش کروا دیا کہ بھارت کے حوالے سے محکمہ خارجہ سے پوچھیں۔ دوحا میں آج امریکا، روس اقوام متحدہ اورہمسایہ ممالک کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں پاکستان، چین اور روس بھی شرکت کر رہے ہیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد طالبان پر تشدد ختم کر کے مذاکرات کرنے پر زور دیں گے۔ اجلاس میں افغانستان کے قومی مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللّٰہ عبداللّٰہ اور افغان طالبان کے نمائندے شریک ہوں گے۔ افغانستان میں قتل کے ڈر سے متعدد پائلٹس نے نوکریاں چھوڑ دیں۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں 19 پائلٹس افغان ایئر فورس چھوڑ کر گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ حالیہ دنوں میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں۔ہفتے کو کابل بم دھماکے میں بلیک ہاک کے پائلٹ حمداللہ کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کا افغانستان میں فوجی مشن 31 اگست کو مکمل طور پر اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ کا افغانستان میں فوجی مشن 31 اگست کو مکمل طور پر اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا اور افغانستان کی عوام کو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکیوں کی ایک اور نسل کو 20 سالہ جنگ میں دھکیلنا نہیں چاہتے۔ افغان فورسز اور طالبان میں لڑائی کی شدت کے باعث بھارت نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے پر زور دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں موجود بھارتیوں کو کہا گیا کہ وہ طالبان کے ساتھ شدید لڑائی کے دوران ملک کے چوتھے بڑے شہر مزار شریف سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے آج افغانستان سے واپس آجائیں۔ مزار شریف سے نئی دہلی کے لیے ایک خصوصی پرواز روانہ ہو گی، لہذا بھارتی حکام نے شہریوں سے کہا کہ وہ مزار شریف یا اس کے آس پاس موجود کسی بھی بھارتی شہری سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ روانہ ہونے والی خصوصی پرواز میں بھارت کے لیے روانہ ہو جائیں۔بھارتی شہریوں سے کہا گیا کہ خصوصی پرواز کے ذریعے افغانستان چھوڑنے والے اپنا مکمل نام اور پاسپورٹ نمبر و دیگر تفصیلات فوری طور پر قونصل خانے میں جمع کرائیں۔بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریبا ایک ہزار سے 15 سو کے قریب بھارتی افغانستان میں مقیم ہیں۔