ترکی: آیا صوفیہ مسجد میں 86 سال بعد اذان کی صدا

حال ہی میں ترک عدالت کی جانب سے تاریخی عمارت آیا صوفیہ کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کی اجازت دیے جانے کے بعد 24 جولائی کو وہاں پہلی بار 86 سال کے بعد اذان کی صدا گونج اٹھی۔

ترک عدالت نے 11 جولائی کو آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے عمارت کو مسجد میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔

آیا صوفیہ عمارت کو 1934 میں مصطفیٰ کمال اتاترک نے میوزیم میں تبدیل کردیا تھا، اس سے قبل مذکورہ عمارت سلطنت عثمانیہ کے قیام سے مسجد میں تبدیل کی گئی تھی۔

استنبول میں واقع یہ تاریخی عمارت 1453 سے قبل 900 سال تک بازنطینی چرچ تھی اور کہا جاتا ہےکہ مذکورہ عمارت کو سلطنت عثمانیہ کے بادشاہوں نے پیسوں کے عوض خرید کر مسجد میں تبدیل کیا تھا۔ مگر پھر جنگ عظیم اول کے خاتمے کے بعد سلطنت عثمانیہ کے بکھرنے اور جدید سیکولر ترکی کے قیام کے بعد مصطفیٰ کمال اتاترک نے مسجد کو 1934 میں میوزیم میں تبدیل کردیا تھا۔

چرچ سے مسجد اور پھر میوزیم کے بعد دوبارہ مسجد میں تبدیل ہونے والی عمارت میں 24 جولائی کو 86 سال بعد نہ صرف نماز جمعہ ادا کی گئی بلکہ اسی دن عمارت میں تقریبا 9 دہائیوں بعد اذان بھی دی گئی۔

ترک نشریاتی ادارے ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن کارپوریشن (ٹی آر ٹی) ورلڈ کے مطابق 86 سال بعد 24 جولائی کو آیا صوفیہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے۔

آیا صوفیہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو دنیا کے متعدد نشریاتی اداروں نے براہ راست دکھایا اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے مسجد میں نماز کی ادائیگی کو دیکھا۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی خصوصی شرکت کی جب کہ ترک صدر نے اس موقع پر تلاوت قرآن پاک بھی کی۔

آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کیے جانے کے بعد ترک صدر نے عمارت کا 20 جولائی کو دورہ بھی کیا تھا جب کہ 23 جولائی کو بھی وہ انتظامات دیکھنے کے لیے اچانک آیا صوفیہ پہنچے تھے۔

ترک حکومت اور استنبول کی مقامی انتظامیہ نے پہلے ہی 24 جولائی کو نماز جمعہ کے حوالے سے انتظامات شروع کردیے تھے اور لوگ نماز کی ادائیگی کےلیے صبح سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے اور لوگوں نے کئی گھنٹے قبل ہی تلاوت قرآن پاک شروع کردی تھی۔