سندھ میں تباہی کی ذمہ دار مافیا حکومت ہے، حلیم عادل شیخ
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ میں تباہی کی ذمہ دار مافیا حکومت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل حکام کے خلاف درخواست دائر کی ہے، زرداری مافیا کے ایما پر مجھے جیل میں ڈالا گیا۔
‘سندھ کے لوگ ڈوبے نہیں انہیں ڈبویا گیا ہے’
انہوں نے کہا کہ میں اس حال میں نہیں ہوتا تو سیلاب متاثرین کے درمیان ہوتا، اربوں روپے کی امداد آئی تو گئی کہاں؟ سندھ کے لوگ ڈوبے نہیں انہیں ڈبویا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ چودہ سال میں سندھ میں نہری نظام پر کام نہیں کیا، بلکل صفائی نہیں ہوئی، آبی گزر گاہوں پر قبضے کیے گئے ہیں۔
‘سندھ میں تباہی آئی ہوئی ہے’
حلیم عادل نے کہا کہ وقت سے پہلے منچھر کی گیٹ کھول دیتے تو ایم این وی ڈرین پر پریشر نہیں پڑتا، سندھ میں تباہی کی ذمہ دار مافیا حکومت ہے، اب تک کراچی ایئر پورٹ پر 119 جہاز اترے ہیں کسی نے انیس ٹرک بھی سندھ میں جاتے ہوئے دیکھے؟
انہوں نے کہا کہ ڈھائی لاکھ سے ذیادہ ٹینٹ لگانے کا دعوی کیا ہے کہیں نظر نہیں آیا، سندھ میں تباہی آئی ہوئی ہے اور اپوزیشن لیڈر کے ساتھ سلوک ہورہا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود علاج نہیں کرایا گیا، انفیکشن پھیل گیا آپریشن کرانا پڑا، سیاسی انتقام کی اس سے بڑی مثال نہیں ہوسکتی۔
‘کے الیکٹرک کو غنڈہ گردی کا لائسنس دے دیا گیا’
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آٹے کا ریٹ 65 روپے مقرر کیا، مراد علی شاہ پورے سندھ میں بتاؤ کہاں اس ریٹ پر مل رہا ہے؟ کراچی میں کے الیکٹرک کو غنڈہ گردی کا لائسنس دے دیا گیا، مرتضیٰ وہاب کو بھی کھانا ہے وہ بھی کھائے گا، شہریوں کو چاہیے کےالیکٹرک کی گاڑیوں پر کچرا پھینکیں۔
‘زرداری کی حکومت کو بھی فارغ کرینگے’
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست ہے جیل کی حالات پر نوٹس لیں اور کمیشن بنائیں، مجھ سے دہشت گردوں جیسا سلوک کیا گیا عام قیدیوں کا حال دیکھیں، تم سمجھتے تھے کیسز سے ڈرا لو گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں سندھ کو بھی زرداری مافیا سے آزاد کرائیں گے، اس بھکاری اور زرداری کی حکومت کو بھی فارغ کریں گے۔
Comments are closed.