ہماری قوم مکمل طور پر تیار ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری قوم مکمل طور پر تیار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میرے حقیقی آزادی جلسے میں شرکت کیلئے ریکارڈ تعداد میں نکلنے پر اہلِ چکوال آپ کا شکریہ!

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی قوم سے خوف کے اس بُت کو پاش پاش کرنے کا کہا ہے جس کے ذریعے مجرموں (60% کابینہ اراکین ضمانت پر ہیں) کی یہ امپورٹڈ سرکار ہمیں غلام بنانے کے خواب دیکھتی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چکوال میں ہونے والے پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون میں میری قوم نے مجھے 14 ارب روپے دیے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بہت سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، سندھ میں جہاں پانی کھڑا ہو گیا وہاں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت 14 سال سے چل رہی ہے، ہمارے دور میں دریائے سندھ کے کنارے سیہون تک نہر مکمل کی گئی، سندھ حکومت نے سیہون سے آگے نہر نہیں بننے دی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بے حسی ایسی ہے کہ وہ ملک سے باہر کے دورے کر رہے ہیں، ملک میں اتنا بڑا عذاب آیا ہوا ہے اقوام متحدہ میں جانے کی کیا ضرورت تھی؟

چیئرمین پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی بیرون ملک چلے گئے، ان حالات میں کون اپنا ملک چھوڑ کر بیرون ملک جاتا ہے؟ اگر باہر چلے ہی گئے تھے تو ملک کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ ان چوروں کو پاکستانیوں کی خدمت کرنے کیلئے ملک پر مسلط نہیں کیا گیا، اربوں روپے قوم کا پیسہ ان چوروں نے اشتہاروں پر خرچ کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سزا ہونے والی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دنیا اس لیے پاکستان کو پیسے نہیں دے رہی کیونکہ امپورٹڈ حکومت قائم ہے، دونوں خاندانوں نے ملک کو 30 سال سے لوٹا ہے، اگر یہ سب چوری کا آدھا پیسہ بھی ملک پر لگائیں تو باہر کے ملکوں سے پیسے مانگنے کی نوبت نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ملکوں سے پیسہ مانگنے کے بجائے چوری کا پیسہ واپس لے کر آئیں تو بات ہو، آپ نے میرے ساتھ ان چوروں کو شکست دینے کیلئے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان چور جیسے لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا، بلاول نے مہنگائی مارچ کیا اور فضل الرحمان نے 2 دھرنے دیے، کہا گیا کہ ملک میں مہنگائی ہو گئی ہے عمران خان کی حکومت ختم کرو۔

عمران خان نے کہا کہ جب عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی اس وقت ڈالر 178 روپے کا تھا، آج عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ہے مگر پاکستان میں زیادہ ہے، حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہو جائے ہم نے ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے، جب تک میں زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا اور ان کو شکست بھی دوں گا۔

 

 

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.