پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور گورنرآغا سراج درانی نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 11 ستمبر کو کابینہ اراکین کے ساتھ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق پاور ڈویژن اور وزیراعظم کو پیغام پہنچایا ہے، پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں، لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے، کل لاڑکانہ میں تھا وہاں کراچی سےزیادہ گرمی ہے۔
‘سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا ہے’
انکا کہنا ہے کہ ہم سب کو متاثرین کی مدد کرنی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آئے تھے، انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ تباہی انہوں نے نہیں دیکھی، یہ کلائیمنٹ چینج کا نتیجہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہمیں کشمیر کے عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا میں 160 بلین ڈالرز کی مد کیلئے اپیل کی تھی۔
‘موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیر پگھل رہے ہیں’
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خود حالات دیکھ کر گئے ہیں، ہماری 50 بلین روپے کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، ریکارڈ بارشوں کے باعث جو تباہی ہوئی ہے اس میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی بھی رائیٹ بینک میں 2 تا 3 فٹ بارش ہوئی ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیر پگھل رہے ہیں، زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 450 ایم اے ایف پانی آیا ہے، جس سے ہمارے 23 اضلاع ڈوب گئے، 3 سے 6 مہینے ان شہروں اور فصلوں سے پانی نکالنے میں لگیں گے، ہمارا اندازا ہے کہ سوا کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
‘سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا’
دوسری جانب گورنر سندھ آغا سراج درانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاست سے پرہیز کریں، انہوں نے کہا کہ سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی قائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی پر مزار قائد پر حاضری
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی پر مزار قائد پر حاضری دی، مزار قائد پہنچنے پر کابینہ اراکین اور چیف سیکریٹری نے انکا استقبال کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کا مزار پر پہنچنے پر استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔
اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ باباء قوم کی قائدانہ صلاحت کے باعث آج ہم ایک آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، قائداعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔
Comments are closed.