خدا کرے کہ عوام کی منتخب حکومت ہی اقتدار سنبھالے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خدا کرے کہ عوام کی منتخب حکومت ہی اقتدار سنبھالے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی گفتگو پر مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فنانس منسٹر جب بھی پریس کانفرنس کرتے ہیں لگتا ہے ہر امید ختم ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لٹ گئے، مر گئے، برباد ہو گئے کا الاپ ہی سنانا ہے تو یہ کام روز تو نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس کابینہ کی شکلیں دیکھ کر ہی مستقبل ڈراؤنا لگنا شروع ہو جاتا ہے، خدا اس ٹولے سے جلد پاکستان کو نجات دے اور عوام کی منتخب حکومت اقتدار سنبھالے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لاہور چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت مسائل سے گھرا ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جب شہباز شریف کو ملک کی بھاگ دوڑ دی گئی، اس وقت 10.5 بلین ڈالر خزانے میں تھے جبکہ 12 سے 13 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا۔

 وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس صرف ڈیڑھ کا امپورٹ رہ گیا تھا، اگر ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں نا جاتے تو سیدھا سیدھا دیوالیہ تھا۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جب دنیا بھر میں تیل کی قیمت 100 ڈالر سے اوپر گئی اور گیس 40 ڈالر کی ہو جائے تو مشکلات بڑھی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں پہلا کام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طور پر کرنا پڑا، اگر پوری قوم 30 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کرے اسے 80 بلین ڈالر کی امپورٹ کرنے کا حق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا بدل گئی ہے اب ہم پرانی دنیا میں نہیں رہ رہے، ہمیں یہ پکا نہیں پتا تھا کہ ہم حکومت میں رہیں گے یا نہیں رہیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ 30 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کرنے والوں کو 80 ارب ڈالر امپورٹ کرنے کا حق نہیں ہے، چار سے پانچ ارب ڈالر کا خسارہ ہم برداشت کرسکتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں ہم نے بجلی کی پیداوار دو گنا کر دی ہے، ہم نے یہاں بجلی بڑھا کر کنزیومر شادی ہالز بنائے ہیں لیکن کیا بجلی کی کیپیسٹی ڈبل کرنے سے ملک کی ایکسپورٹ ، انڈسٹری ڈبل ہوئی؟

مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جس میں کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ کا زیادہ ہونا تباہ کن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہماری انڈسٹری کی سمت کیا ہے، پاکستان کی نیشنل سیونگ 12 فیصد ہے، ریجنل ممالک سے کم ہے، پاکستان ایک کنزمپش بیسڈ معاشرہ ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.