‏ پاکستان سیلاب سے متاثر ہے پر پھر بھی عمران خان سیاست میں مصروف ہیں، اسلم غوری

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ پاکستان سیلاب سے متاثر ہے پر پھر بھی عمران خان سیاست میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں جھوٹ، الزام تراشی اور بہتان کے سوا کچھ نہیں ہوتا، عوام نے ان کو ریجکٹ کر دیا ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ عمران خان کے پاس عوام میں زیر بحث آنے کے لئے کوئی سنجیدہ موضوع نہیں اور نہ ہی عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں، یہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے قوم پر مسلط کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چند روز ہی چل سکیں گے اس کے بعد تھک جائیں گے، عمران خان کی بدزبانی پر کوئی افسوس نہیں ہے پر ان کو سننے والے بچوں کے ذہن میں جو مواد پک رہا ہے ان کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ پاکستانی لوگ سیلاب سے متاثر ہیں پر پھر بھی عمران خان کو سیاست کی پڑی ہے، سیاستدانوں پر کیچڑ اچھالنے سے کچھ نہیں ہو گا، ٹیلی تھون کے ذریعے 14 ارب ایسے ہی اکٹھے کیے گئے جیسے ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور تین سو پچاس ڈیم بنائے گئے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چکوال میں ہونے والے پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون میں میری قوم نے مجھے 14 ارب روپے دیے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بہت سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، سندھ میں جہاں پانی کھڑا ہو گیا وہاں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت 14 سال سے چل رہی ہے، ہمارے دور میں دریائے سندھ کے کنارے سیہون تک نہر مکمل کی گئی، سندھ حکومت نے سیہون سے آگے نہر نہیں بننے دی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بے حسی ایسی ہے کہ وہ ملک سے باہر کے دورے کر رہے ہیں، ملک میں اتنا بڑا عذاب آیا ہوا ہے اقوام متحدہ میں جانے کی کیا ضرورت تھی؟

چیئرمین پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی بیرون ملک چلے گئے، ان حالات میں کون اپنا ملک چھوڑ کر بیرون ملک جاتا ہے؟ اگر باہر چلے ہی گئے تھے تو ملک کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ ان چوروں کو پاکستانیوں کی خدمت کرنے کیلئے ملک پر مسلط نہیں کیا گیا، اربوں روپے قوم کا پیسہ ان چوروں نے اشتہاروں پر خرچ کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سزا ہونے والی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دنیا اس لیے پاکستان کو پیسے نہیں دے رہی کیونکہ امپورٹڈ حکومت قائم ہے، دونوں خاندانوں نے ملک کو 30 سال سے لوٹا ہے، اگر یہ سب چوری کا آدھا پیسہ بھی ملک پر لگائیں تو باہر کے ملکوں سے پیسے مانگنے کی نوبت نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ملکوں سے پیسہ مانگنے کے بجائے چوری کا پیسہ واپس لے کر آئیں تو بات ہو، آپ نے میرے ساتھ ان چوروں کو شکست دینے کیلئے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان چور جیسے لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا، بلاول نے مہنگائی مارچ کیا اور فضل الرحمان نے 2 دھرنے دیے، کہا گیا کہ ملک میں مہنگائی ہو گئی ہے عمران خان کی حکومت ختم کرو۔

عمران خان نے کہا کہ جب عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی اس وقت ڈالر 178 روپے کا تھا، آج عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ہے مگر پاکستان میں زیادہ ہے، حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہو جائے ہم نے ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے، جب تک میں زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا اور ان کو شکست بھی دوں گا۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.