عمران خان کا این اے کے9 حلقوں میں الیکشن لڑنےکا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج
سپریم کورٹ میں عمران خان کا قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں الیکشن لڑنے کا معاملہ چیلنج کردیا گیا۔
شہری آصف محمود نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں عمران خان، الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ عمران خان قومی اسمبلی کا پہلے بائیکاٹ کر چکے ہیں۔ نو حلقوں سے الیکشن جیت گئے تو ایک سیٹ رکھنا ہوگی۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کی چھوڑی 8 نشتوں پر دوبارہ ضمنی الیکشن ہوگا۔ عمران خان کا 9 حلقوں سے الیکشن لڑنا بد نیتی اورخلاف آئین ہے۔ استدعا ہے کہ عمران خان کو نو حلقوں سے الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی حفاظتی ضمانت منظور
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے کیس کے دوران کار سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس میں کراچی میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی حفاظتی ضمانت منظورکر لی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فہیم خان کو ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو فہیم خان کی گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے فہیم خان کو دس روز میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فہیم خان 15 ستمبر تک متعلقہ عدالت میں پیش ہو جائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت میں تحریری حکم نامہ کی کاپی سیشن جج کراچی اور متعلقہ اداروں کو بھیجنے کی بھی ہدایت کی۔
وکیل فہیم خان نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا یے۔ کراچی میں مقدمہ درج ہے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
Comments are closed.