اس وقت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی یورپی یونین کی ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن ماریہ آرینہ کی سربراہی میں یورپین پارلیمنٹ کے وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پاکستان یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں انسانی حقوق کے حوالے امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین سینیٹ نے انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایوان بالا کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات بارے وفد کو آگاہ کیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ جون 2009 میں یورپی یونین-پاکستان سمٹ کی بدولت یورپی یونین اور پاکستان کے اسٹریٹیجک تعلقات مزید بہتر ہوئے ہیں، اس سمٹ سے یورپی یونین پاکستان شراکت داری کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی سیاسی صورتحال، معیشت اور عالمی مسائل سے نمٹنے میں کافی مدد ملی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں یورپی یونین ایک مستحکم، جمہوری اور تکثیری معاشرے کے قیام اور انسانی حقوق کیلئے کام کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ تعلیم، روزگار، گڈ گورننس، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانے کیلئے بھی یورپی یونین نے پاکستان سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور یورپی یونین نے پاکستان کے پسماندہ صوبوں کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کے پیش نظر پاکستان کو مدد کی ضرورت ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسز میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان کا جغرافیہ ایسا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کے سامنے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے کیلئے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کی تنظیموں،پاکستانی عوام اور فلاحی تنظیموں نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی کافی مدد کی ہے لیکن سیلاب کے نقصانات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو عالمی سطح پر مدد اور حمایت کی سخت ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے کی جانے والی کوششوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری بھی امن کے قیام اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے منصفانہ طریقے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔
Comments are closed.