پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو کٹھ پتلیوں کے لئے تجربے کی فیکٹری بنانے کے بجائے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے 145 ویں یوم پیدائش پر پیغام میں پرامن و جمہوری جدوجہد کے ذریعے متحدہ ہندستان کے مسلمانوں کے لیے الگ ملک بنانے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلیوں کے لئے تجربے و ٹریننگ کی فیکٹری بنانے کے بجائے اسے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے،ایسی قیادت جو پاکستان کے لیے قائداعظم کے جمہوری نظریات کی پاسداری کرے ۔نہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے مشن کو ابھی پایہ تکمیل پر پہنچانا باقی ہے،وہ مشن مساوات پر مبنی ایک ایسا مضبوط مسلم اکثریتی ملک کا قیام ہے، جو پوری امت کے لئے رول ماڈل ہو۔اب یہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ قائداعظم کے خواب کو مکمل طور سمجھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسی نظریہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے جس کے خالق قائداعظم تھے،پیپلز پارٹی کے سابق سربراہان و وزرائے اعظم شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اسی نظریے کی خاطر جانیں قربان کیں۔پرامن، خوشحال اور مساوات پر مبنی پاکستان کے لئے جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قائداعظم کے مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کے لیے عوام پیپلز پارٹی کی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیں۔