دہشتگردوں کے خلاف قوم اورافواج پاکستان ایک ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف قوم اورافواج پاکستان ایک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو  خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی اور کہا کہ نائیک رشید اور سپاہی رسول بادشاہ کو جام شہادت نوش کرنے پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کیلئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بہ شانہ ہے، دہشتگردوں کے خلاف قوم اور افواج پاکستان ایک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر حملےکرنے والوں کو ان کے مذموم عزائم سمیت خاک میں ملادیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس میں 2 سپاہی شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا جس کے باعث ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز کے ساتھ  فائرنگ کے تبادلے میں نائیک رشید اور سپاہی رسول بادشاہ شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.