پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دارہیں، سراج الحق
سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے حکمرانوں نے ملک کی نظریاتی اساس پر حملہ کیا، اسلامی اقدار کے خلاف ہر قانون کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ سیکولر اور مغرب پرست ٹولہ سن لے ان کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سازش کے تحت ملک میں لبرل ایجنڈا کو فروغ دیا جارہا ہے، ایٹمی طاقت کا حامل اسلامی ملک دین بیزار قوتوں کو برداشت نہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دارہیں، قوم ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
سراج الحق کی قوم سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپیل
دوسری جانب اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قوم سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپیل بھی کی۔
سراج الحق نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری انجام نہیں دے رہیں، مخیر حضرات آگے بڑھیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب میں لاکھوں لوگ کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بچوں اور بچیوں کے کھانے کے لیے راشن، پینے کے لیے دودھ نہیں جبکہ بچوں میں دست، قے کی بیماریاں پھیل رہیں، ادویات غائب ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرین کو فوری طور پر ٹینٹس کی ضرورت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز لوگوں تک نہیں پہنچ رہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومتوں نے امداد اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فراہم کر دی، متاثرین کو پرچی پر ملتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں مگر ظالم حکمران مصیبت کے وقت بھی سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کو کہتا ہوں کہ امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔
Comments are closed.