عالمی برادری کو مصیبت زدہ فلسطینیوں کی حفاظت کرنی چاہیے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مصیبت زدہ فلسطینیوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی کی فلسطین سے متعلق چھ رکنی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی قبضہ اور مظالم پورے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام، کشیدگی اور تنازعات کی بنیادی وجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام لانے کے لئے مسئلہ فلسطین کو جو خطے میں عدم تحفظ اور اس کے متعدد تنازعات کا منبع ہے ،مؤثر طریقے سے پہلی اور فوری ترجیح کے طور پر حل کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں بشمول بچوں کے مسلسل قتل اور زخمی کرنے، مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی، فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور فلسطینی خاندانوں کی زبردستی نقل مکانی اور فلسطینی صحافی شیرین ابو عقیلہ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جاری خونریزی کو روکنے اور مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی بحالی کے لئے کسی بھی اقدام میں دوسرے رکن ممالک کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے تیار ہے۔

وزیر خارجہ نے  یہ بھی کہا کہ عالمی برادری خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مدد کرے جبکہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت کو روکنے کے لئے بھی تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مصیبت زدہ فلسطینیوں کی حفاظت کرنی چاہیے اور شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ جارحیت کرنے والے اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کے درمیان غلط مساوات پیدا کرنے کی کوششیں ناقابل معافی ہیں ،امت مسلمہ کی اجتماعی آواز کے طور پر او آئی سی کو اس فریب کارانہ تاثر کو ختم کرنے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور اسرائیلی قبضہ کے خلاف جدوجہدکیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےعالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود مختارفلسطینی ریاست کے قیام میں مدد کرے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.