کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی، سمندری ہوائیں بحال
شہر قائد میں مون سون کی حالیہ بارشوں کی بعد سمندری ہوائیں بحال ہوچکی ہیں جبکہ گرمی کی شدت میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم آج گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔
واضح رہے کہ 20 ستمبر کے بعد مون سون کا ایک اور اسپیل کراچی سمیت سندھ کو متاثر کرے گا۔
بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان
آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
تاہم شمالی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گرمی سے کیسے بچا جائے؟
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے بچائیں، ساتھ ہی پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ضرورت کےتحت گھر سے نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں ، محنت کش افراد مشقت کم کردیں ، ہلکے رنگوں والے کپڑے پہنیں ، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں۔
شدید گرمی کے ہمارے جسم پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟
جیسے جیسے جسم کا درجہ حرارت گرم ہوتا ہے خون کی نالیاں کھلنا شروع ہو جاتی ہیں، اس سے فشارِ خون میں کمی واقع ہوتی ہے اور دل کو جسم میں خون پہنچانے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔
اس کے باعث جسم پر جلن پیدا کرنے والے نشانات بھی بن سکتے ہیں اور آپ کے پیروں میں سوزش بھی ہو سکتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پسینہ بہنے کی وجہ سے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہونے کی وجہ سے جسم میں ان کا توازن بدل جاتا ہے۔
Comments are closed.