سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کی عمران خان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے جس دوران سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کی حکمران جماعت کی جانب سے ریاستی وسائل کے ذریعے چئیرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں اور کرپٹ کرداروں پر مشتمل حکمران اتحاد ملک میں مذہبی انتشار چاہتا ہے،اسلاموفوبیا کے تدارک اور ناموس رسالتؐ کی پاسبانی کے حوالے سےچئیرمین تحریک انصاف کی خدمات بے مثال اور قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں مسلسل شکست سے دوچار گروہ اپنی سیاست بچانے کے لئے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، حکمران اتحاد کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انکی نالائقی اور نااہلیوں کی وجہ سے ملک پہلے ہی انتشار اور معاشی بدحالی کی دلدل میں ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں اور انکی حقیقی آزادی کی تحریک میں انکا ساتھ دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا اور سنی اتحاد کونسل کا حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.