تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات میں ہی ہماری بقا ہے، اسفندیار ولی

اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر اور برادرانہ تعلقات میں ہی ہماری بقا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روس یوکرائن تنازعے پر  اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست پاکستان کی جانب سے یوکرائن کو اسلحے فراہم کرنے کی خبریں خطرناک ہیں، اگر یہ خبریں سچ پر مبنی ہیں تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پرائی جنگوں میں کودنا ہمیشہ خطرناک نتائج لے کر آتا ہے، پچاس سال قبل بھی ہم ایک پرائی جنگ کا حصہ بنے تھے، ثمرات آج تک بھگت رہے ہیں۔

اے این پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ انہی غلط فیصلوں کی بدولت پختون خطے میں آج تک خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، پاکستان اور عوام کے بہتر مفاد میں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔

اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر اور برادرانہ تعلقات میں ہی ہماری بقا ہے، تعلقات بہتر ہوں گے تو آزادانہ تجارت اور آمدورفت کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ہونگی جبکہ کاروبار، تجارت اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اے این پی نے ہمیشہ امن کیلئے کوششیں کیں ہیں اور آج بھی ہر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، بطور ریاست پاکستان اگر مصالحت کیلئے کردار ادا نہیں کرسکتا تو فریق بننے سے گریز کرے۔

اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، چند لوگوں کے ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.