انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی یوم جمہوریت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جمہوریت انسانیت کے لیے ناانصافی، عدم مساوات اور پولرائزیشن سے لڑنے کا ایک بہترین ہتھیار ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں، ذاتی مقاصد کے لئے مفاد پرستوں کی جانب ڈس انفارمیشن اور ضرر رساں افواہیں پھیلانا بدقسمتی سے ایک روایت بنتی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں، مساوات، اتحاد اور یکجہتی کے جمہوری اصولوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ افراتفری اور سماجی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمرانہ اور مطلق العنان خیالات نے جگہ لے لی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں کی تکمیل کے لیے جدوجہد میں سب سے آگے رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں ون مین ون ووٹ کا حق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے متعارف کرایا تھا، ذولفقار علی بھٹو نے 1973 کے متفقہ آئین کے ذریعے پاکستان میں کثیرالجہتی جمہوریت کی بنیاد رکھی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ نوجوان انتشار پسند عناصر کے زہریلے پروپیگنڈے کا شکار ہونے کے بجائے جمہوری اور مثبت سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل ہوں۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.