سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ، عمران خان نے خبردار کردیا

اسلام آباد: ایف آئی اے حکام نے سینیٹر سیف اللہ کے گھر چھاپہ مارکر ان کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون تحویل میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے ایف سکس میں سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مارکر ان کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون تحویل میں لے لیا ہے۔

سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپے کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر کہنا تھا کہ ان کی مایوسی نے سیلاب سے نجات کے لیے ہمارے ٹیلی تھون کو بلیک آؤٹ کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج سینیٹر سیف نیازی کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کا موبائل فون سمیت کمپیوٹر چھین لیا۔ امپورٹڈ حکومت اور ہینڈلرز ہمیں دیوار سے لگا رہے ہیں۔ میں انہیں خبردار کر رہا ہوں کہ اس کے نتائج انہیں بھگتنا پڑیں گے۔

عمران خان کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ایک طرف امپورٹڈ حکومت ہمیں سیلاب کی وجہ سے سیاست کرنے سے باز رہنے کا کہہ رہی ہے اور دوسری طرف وہ ہمارے خلاف ہراساں کرنے اور جھوٹے مقدمات میں اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ امپورٹڈ حکومت ہمارے خیالات کو آواز دینے والے صحافیوں پر ظلم کر رہی ہے، ٹی وی چینلز اور یوٹیوب کو معطل کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ چھاپے کے دوران ایف آئی اے حکام ایک گھنٹہ سے زائد ان کے گھر میں موجود رہے، ایف آئی اے حکام نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کا لیپ ٹاپ اور موبائل جب کہ ان ان کی اہلیہ کا بھی لیب ٹاب تحویل میں لے لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ فارن فنڈنگ تحقیقات کے حوالے سے مارا گیا ہے جب کہ ایف آئی اے حکام گھر سے ملنے والی تمام یو ایس بی بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.