ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں میں 8500 فیصد اضافہ ہوا ہے، عمر سرفراز چیمہ
عمر سرفراز چیمہ
مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں میں 8500 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے معاشی ماہرین کے نت نئے معاشی تجربے قوم کو نقصان کے سوا کچھ نہیں دے سکے، عشروں اقتدار میں رہنے والوں کے ذاتی کاروبار عروج پر، ملکی معیشت زوال کا شکار ہے۔
عمر چیمہ نے کہا کہ آج ڈالر نسبتاً 50 روپے مہنگا، اور مہنگائی میں 45 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں میں 8500 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخی شرح سود اور زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ تین سال میں کم ترین ہیں، مفتاح اسماعیل نے ناقص معاشی کارکردگی میں اسحاق ڈار کو بھی پچھاڑ دیا، اب وزارتِ خزانہ اپنی کارکردگی کا پول کھل جانے پر سیلاب کی آڑ میں چھپ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملکی معیشت کو 15 سے بیس ارب ڈالرز تک کا نقصان پہنچایا، وفاقی معاشی ارسطو سیلاب کے باعث شرحِ نمو میں تین فیصد کمی کا عندیہ دے رہے ہیں، وہ دن ہوا ہوئے جب اس طرح کے جھوٹے ڈھکوسلے لوگوں کو سمجھ نہیں آتے تھے، آج عمران خان کی بدولت قوم اپنے اچھے برے کو پہچانتی ہے۔
Comments are closed.