مسلم لیگ ن پاکستان کو بنانے اور سنوارنے والی جماعت ہے، مریم نواز

مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو بنانے اور سنوارنے والی جماعت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے نواز شریف نے چشتیاں کیلئے خصوصی سلام بھیجا ہے، چشتیاں والوں کی محبت اور شفقت ہمیشہ یاد رہے گی جبکہ چشتیاں شیر کا تھا ،ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے منصوبے گننے شروع کروں تو رات کے بارہ بج جائیں گے جبکہ عمران خان نے کوئی منصوبہ تو کیا کبھی اینٹ تک نہیں لگائی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایک بار بھی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، میں جس انسان کی شکل دیکھنا گوارا نہیں کرتی مجھے اس کے بارے میں بات کرنی پڑتی ہے، یہ جو بھی کر لیں ، اس کا انجا م بہت برا ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر نواز شریف پر شروع اور نواز شریف پر ختم ہوتی ہے لیکن میں تمہارے اوپر کوئی ذاتی حملہ نہیں کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں تمہیں سیاسی میدان میں  تمہارے گھر تک چھوڑ کر آوں گی، سیاسی میدان میں مریم نواز شریف تمہیں نہیں بخشے گی۔

مریم نوازنے یہ بھی کہا کہ عمران خان نہ سیاست دان ہے اور نہ ہی اس کی جماعت سیاسی ہے جبکہ عمران خان فتنہ یا انتشار نہیں ملک  کی سب بڑی تباہی ہے اور شہباز شریف اس کی لگائی ہوئی آگ کو بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب نے تباہی مچا دی، عمران خان دکھاوے کیلئے سیلاب متاثرین میں گیا جبکہ شہباز شریف ہر روز سیلاب زدگان کے درمیان موجود ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو بنانے اور سنوارنے والی جماعت ہے اور کل عمران خان نے کہا مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا گناہ کے برابر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی پاکستانی اپنے شہداء کی توہین برداشت نہیں کر سکتا جبکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے توڑا، قیمت پورا ملک ادا کر رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، اس کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش منوں مٹی تلے دب کر رہے گی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.