ضمنی الیکشن میں عمران کو بدترین شکست سے دوچار کرینگے، اختیارولی
اختیارولی نے کہا ہے کہ پختونخواہ کے ضمنی الیکشن میں عمران کو بدترین شکست سے دوچار کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ن لیگ خیبرپختونخواہ اختیارولی خان نے عمران خان کی تقریر پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے پاکستان یا عمران میں سے ایک کو بچانا ہوگا۔
اختیارولی خان نے کہا کہ پورا صوبہ پختونخواہ سیلاب میں ڈوبا ہوا اور عمران دھمہ چوکھڑی میں مصروف ہیں۔
ترجمان ن لیگ خیبرپختونخواہ نے یہ بھی کہا کہ کوہستان کے سیلاب میں ڈوبنے والے پانچ بھائیوں کا قاتل پشاور میں جلسے کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران کوہستان، پختونخواہ اور پاکستان بھر کے سیلاب زدہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنے پشاور آئے ہیں۔
اختیارولی خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت سے خفیہ فنڈز لینے والا کیسے کسی کو غدار کہہ سکتا ہے جبکہ قوم، عدلیہ، اور فوج کی تقسیم کے بعد عمران کا آخری ایجنڈا پاکستان کی تقسیم ہے۔
ترجمان ن لیگ خیبرپختونخواہ اختیارولی خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران قانون کے شکنجے سے بچنے کیلئے سرکاری چھتری تلے جلسے کر رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں عمران کو پختونخواہ سے بدترین شکست سے دوچار کرینگے۔
واضح رہے اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخری مرتبہ پشاور میں اپریل میں جلسہ کیا، بیرونی قوتوں کی سازش کے بعد پشاور میں ہی پہلا جلسہ کیا، پشاور کے عوام نے کبھی مایوس نہیں کیا۔
قوم کو جگانا میرا فرض ہے
عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف منظم پروپگنڈا چل رہا ہے، آپ لوگوں میں سیاسی شعور پیدا کرنا میرا فرض ہے، میں آپ لوگوں کو حقیقی آزادی کی طرف لے کر جا رہا ہوں، میری کوشش ہے کہ قوم کو زنجیروں سے آزاد کروں، قوم کو جگانا میرا فرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکی سازش کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا، 30 سال سے چوروں کا ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔
ہم دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بنائیں گے
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بنائیں گے، جب تک امپورٹڈ چور حکومت میں ہے تب تک دنیا آپ کی عزت نہیں کرے گی، امپورٹڈ کرائم منسٹر ساری دنیا سے بھیک مانگ رہا ہے، ایسے آدمی کو کوئی وزیراعظم نہیں مانتا، اگر شہباز شریف میں غیرت ہوتی تو چوری کا پیسہ پہلے ملک لاتے۔
چوروں کا ٹولہ ہمیں ہرا نہیں سکتا
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ ہمیں ہرا نہیں سکتا، فضل الرحمن بھی چوروں میں سے ایک ہی ہے، سب کو پتا ہے کہ الیکشن ہوئے تو خان جیت جائے گا اس لیے مجھے نااہل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کی کوشش ہے کہ عمران کو میچ میں ہرا دیں، نواز شریف اربوں روپے لے کر مفرور ہوا ہے، نواز شریف دہشتگردوں کا سردار ہے، نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے بھاگا، انہیں ڈر تھا عمران خان رہ گیا تو یہ جیل میں چلے جائیں گے، کیا یہ چور ملک کے لیڈر ہو سکتے ہیں؟
میں عدلیہ کی عزت کرتا ہوں
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ حقیقی آزادی کیا ہے، غلامی کی زنجیریں انسان کی پرواز روکتی ہیں، قوم میں شعور آگیا ہے قوم سب کچھ سمجھتی ہے، میں عدلیہ کی عزت کرتا ہوں، تحریک انصاف کو اداروں سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، مجھے جتنا دیوار سے لگایا جائے گا میں اس سے زیادہ مقابلہ کروں گا، اپنی قوم کو تیار کر رہا ہوں جب کال دوں تو باہر نکلے۔
معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے
ان کا کہنا تھا کہ اب معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، 4 ماہ میں کیا قیامت آگئی کہ بجلی کی قیمت 18 سے 50 روپے تک چلی گئی؟ ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں تھی، 150 روپے لیٹر دے رہے تھے اب وہ 234 تک پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو یہ چور کبھی بھی ختم نہیں کر سکتے، ہم اپنے اداروں کی عزت کرتے ہیں، قوم میری کال کا انتظار کرے وہ کال ملک کو بچانے کی ہو گی۔
Comments are closed.