عالمی برادری پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی کانگریس کے وفد نے آج ملاقات کی، وفد کی قیادت کانگریس کی خاتون رکن شیلا جیکسن لی نے کی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ نے موجودہ سپر سیلاب کی تباہی کے دور میں وفد کے دورہ پاکستان کو سراہا جبکہ وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان تاریخی تناسب کے سیلاب سے گزرا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت تک 1300 سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اس تباہ کن سیلاب میں 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 40 لاکھ ایکڑ سے زائد فصلیں بہہ گئیں اور ایک ملین کے قریب مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اس وقت بچائو اور امدادی سرگرمیوں میں پوری طرح مصروف ہے، متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی بحالی اور اہم انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے بے پناہ وسائل درکار ہیں جو ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ کاربن کا سب سے کم اخراج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو سیلاب سے درپیش چیلنج کی وسعت کو تسلیم کرتے ہوئے بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنے والا نہ تو پہلا اور نہ ہی آخری ملک ہے، ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے مالیاتی فنڈز کی فراہمی کی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو درپیش چیلنج کے پیمانے کو تسلیم کرے گی جبکہ عالمی برادری پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی۔
اس موقع پر کانگریس وومن لی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر انہیں سخت رنج پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا وفد زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے امریکی کانگریس اور امریکی انتظامیہ کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور کانگریس مین آل گرین بھی شامل تھے، یہ وفد 4 سے 6 ستمبر 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
Comments are closed.