ہمیں سیلاب کی تباہ کاری کو آبادکاری میں بدلنا ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں سیلاب کی تباہ کاری کو آبادکاری میں بدلنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نجی شعبہ اور برآمدات کے فروغ کے لئے وزارت منصوبہ بندی میں اجلاس ہوا۔

وفاقی وزیر کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل پرائیویٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری اور برآمدات میں فروغ پر ہے، عالمی سطح پر معیشت سپلائی چینز پر چل رہی ہے، ہمارے کاروباری اداروں کو گلوبل سپلائی چینز سے جڑنا ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، ہمیں سیلاب کی تباہ کاری کو آبادکاری میں بدلنا ہے، بزنس کمیونٹی امدادی کارروائیوں اور آبادکاری میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری قوم کی بقا اور سیکیورٹی کے لئے لازم و ملزوم ہے، ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معیشت کی اصلاح کرنی ہے، ہماری اولین ترجیح ہے کہ معاشی انجن رکنے نہ پائے، نجی شعبہ نشاندہی کرے حکومت رکاوٹیں دور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف پاکستان کی برآمدات کو جلد از جلد 100 ملین ڈالر سے تجاوز کرنا ہے، ملکی معیشت کا ڈالر خرچ کرنے کے بجائے ڈالر کمانے پر انحصار ہونا چاہیے، ہمیں گلوبل برانڈز پیدا کرنا ہوں گے۔

اس موقعے پر چیمبر آف کامرس نے اپنی تجاویز پیش کیں، وفاقی وزیر نے بزنس کمیونٹی کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں چیمبر آف کامرس اور قتصادی وزارتوں کے حکام نے شرکت کی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.