پچھلی حکومت نے ہماری خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کیا، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے ہماری خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اہم ملاقاتیں ہوئیں جبکہ چین اور روس کے صدور سے ملاقاتیں ہوئی، شنگھائی کانفرنس اور نیویارک میں ہونے والی ملاقاتوں  پر میڈیا کو اعتماد میں لینا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماوں نے پاکستان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران بھی عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئیں، عالمی رہنماوں کو پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن سے ملاقات میں پاکستان سے ہمدردری اور امداد پر شکریہ ادا کیا جبکہ جنرل اسمبلی اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کیا اور بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کی بھی بھرپور مذمت کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلاب سے 30ارب ڈالر کے لگ بھگ نقصانات ہوئے ہیں جبکہ سیلاب سے 1600سے زائد لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام پہلوؤں کے حوالے سے بھرپور پاکستان کا موقف پیش کیا ہے، مخلوط حکومت کی کاوشوں سے پاکستان تنہائی کے دور سے نکل آیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تنہائی نے پاکستان کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے، اس تنہائی کی وجہ پچھلی حکومت ہے جس نے ہماری خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آڈیو لیک سنجیدہ معاملہ ہے، عالمی لیڈر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں گے کہ یہاں بات کرنی ہے یا نہیں، آڈیولیک کے معاملے کی تحقیقات ہوں گی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.