پاکستان دیگر صنعتی استعمال کی معدنیات سے مالا مال ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دیگر صنعتی استعمال کی معدنیات سے مالا مال ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت پاکستان میں معدنیات کے شعبے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقعے پر کہا کہ کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی، بامعنی اور موثر تعاون کی ضرورت ہے؛ پاکستان کوئلے، تانبے، سونے، قیمتی پتھروں، چاندی اور نایاب دھاتوں جیسے اعلیٰ معیار کے معدنی وسائل سے نوازا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تیل، قدرتی گیس اور دیگر صنعتی استعمال کی معدنیات سے مالا مال ہے، معدنی وسائل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی جدید مائننگ ٹولز استعمال کر کے دریافت اور کان کنی کرنے کی ضرورت ہے، کان کنی اور معدنیات کا شعبہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں واضح تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ جدید ترین ریفائننگ اور میٹالرجیکل عمل معدنیات کی مقامی طلب پورا کرنے میں مدد دے سکتا ہے، ویلیو ایڈڈ معدنیات اور دھاتی مصنوعات کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، کان کنی کے عمل کے لیے لائسنسنگ سے متعلق معاملات مکمل کرنے کی ضرورت ہے، قیمتی دھاتوں کے آلات کی برآمدات اور ود ہولڈنگ ٹیکس پالیسی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کان کنی اور تلاش کے بین الاقوامی معیارات اور بہترین طریقوں پر عمل  کرنا ہو گا، کان کنی کے عمل کو موثر اور محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسانی وسائل کی جدید خطوط پر تربیت کی ضرورت ہے، اسٹیک ہولڈرز موجودہ پالیسیوں اور متعلقہ قوانین، قواعد و ضوابط کا جائزہ لینے کے لیے ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز معدنیات کے شعبے کی ترقی کیلئے حکومت کیلئے جامع تجاویز اور سفارشات تیار کریں۔

صدر مملکت نے مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے غیر قانونی برآمدات، دھاتوں پر مبنی مصنوعات کی درآمد روکنے کیلئے بارڈر کنٹرول مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.