وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں جنگی بنیادوں پر انسداد ڈینگی کے اقدامات کا حکم


وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے بھر میں جنگی بنیادوں پر انسداد ڈینگی کے اقدامات کا حکم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ  نے راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وبائی امراض کی بروقت روک تھام کیلئے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کی منظوری دی۔

چودھری پرویز الٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ محکمہ صحت، ریسکیو1122 اور متعلقہ ادارے مشاورت سے وبائی امراض کی روک تھام کیلئے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کیلئے ایکٹ کو حتمی شکل دیں، پنجاب حکومت وبائی امراض کی روک تھام کے لیے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کیلئے ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے صوبے میں ڈینگی، کورونا، ہیضہ، ٹائیفائڈ اور دیگر وبائی امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی، سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام سے وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے فائر فائٹنگ نہیں کرنا پڑے گی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ جب غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی تھی تو اس وقت انسداد ڈینگی کیلئے پیشگی اقدامات کیوں نہ اٹھائے گئے؟ صورتحال کا بروقت ادارک کر کے ہنگامی طور پر حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے تھی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صوبے بھر خصوصاً ہائی رسک اضلاع میں جنگی بنیادوں پر انسداد ڈینگی کے اقدامات کا حکم جاری کرتے ہوئے نے انسداد ڈینگی کیلئے رکھے گئے عارضی اسٹاف کو مستقل کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں انسداد ڈینگی کیلئے کیے گئے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا، ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کریں اور وزٹ کر کے خود صورتحال کا جائزہ لیں، میٹنگز اور وزٹ کی رپورٹ وزیر اعلیٰ آفس بھجوائی جائے، اتوار اور دیگر تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی کیلئے کام جاری رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر خصوصاً راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں موثر انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا حکم دیا ہے۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری کامران علی افضل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.