وزیر اعظم کی امریکی صدارتی ایلچی جان کیری سے ملاقات، موسمیاتی تبدیلی پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدارتی ایلچی جان کیری سے ملاقات کی جس میں موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقعے پر امریکی صدارتی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جناب جان کیری نے ملاقات کی جس کے دوران وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور اس بحران کے حل کے لیے جناب جان کیری کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقعے پر شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بائیڈن انتظامیہ کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں فوری طور پر امریکی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے تعمیر نو اور بحالی کے مرحلے کے دوران بین الاقوامی برادری کے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالا ہے، اس کے باوجود یہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے 1400 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے؛ 33 ملین لوگ موسمیاتی پناہ گزینوں کے طور پر بے گھر ہوئے جن میں سے چھ لاکھ سے زیادہ حاملہ خواتین تھیں، چالیس لاکھ ایکڑ فصل تباہ ہوئیں، پاکستان کو ایک بے مثال قدرتی آفت کا سامنا تھا۔
وزیر اعظم نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی میں معاونت کی شکل میں کافی ٹولز فراہم کرنے اور پیرس معاہدے کے تحت اقدامات کے لیے امریکہ کی قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقعے پر خصوصی ایلچی جناب جان کیری نے پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سیلاب کی وجہ سے درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
جان کیری نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں تعاون کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کی مدد کے لیے تیار ہے جو مستقبل میں اس طرح کے بحران کو ٹالنے میں مدد دے گا۔
دونوں فریقوں نے موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے حوالے سے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔
Comments are closed.