قانون کی بالادستی تک ملک دلدل میں پھنسا رہے گا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی تک ملک دلدل میں پھنسا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار استقبال پر میں آج اپنے ملک کی وکلا برادری کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے، عالمی ادارے بتا رہے ہیں کہ پاکستان سری لنکا بننے کی طرف جا رہا ہے، اس قوم کو قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے، جب تک ملک میں انصاف کا نظام نہیں ہوتا ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کا شہباز گل پر ظلم ہوا ایسا ظلم امیر ملکوں میں نہیں دیکھا، شہباز گل اسسٹنٹ پروفیسر جو امریکی یونیورسٹی میں پڑھاتا تھا اسے ننگا کر کے تشدد کیا گیا، ہمارے ملک میں میڈیا پر سختیاں ہوتی ہیں، جو عمران خان کو دکھاتے ہیں ان کو بند کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامور جدید صحافیوں کو ذلیل کیا گیا؛ ارشد شریف، ایاز امیر، عمران ریاض کو تنگ کیا گیا، یہ ہے ظلم کا نظام، جنگل کا نظام، جو طاقتور ہو وہ جو مرضی کرے۔
عمران خان نے کہا کہ جن کا کام قانون پر عمل کرنا ہوتا ہے وہی قانون توڑتے ہیں، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہاں کرپشن ہوتی ہے، ہمارے ہمسائے ملک میں بھی ایسا نہیں ہوتا، مودی کی کتنی بیرون ملک پراپرٹی ہیں؟ نریندر مودی نے کتنی جائیدادیں ملک سے باہر رکھی ہیں؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جنگل میں شیر جو مرضی کرتا ہے، باپ بیٹے کے خلاف منی لانڈرنگ کا واضح مقدمہ تھا، شہباز شریف ایک ڈاکو اور چور ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور سے پہلے جب بڑا ڈاکو چوری کرتا تھا اس کو سزا نہیں ملتی تھی، شہباز گروپ نے 5 ماہ میں ملک کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا ہے، آج پاکستان میں خوراک کے تحفظ کا مسئلہ بنا ہوا ہے، انہوں نے آتے ساتھ ہی نیب کے قانون میں ترمیم کی، مجھے اپنے ملک کیلئے وکلاء کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی حقیقی آزادی کیلئے وکلاء کی ضرورت ہے، 1 کروڑ بیرون ملک پاکستانی ہیں، ایک دفعہ قانون کی حکمرانی ہو جائے تو 5 لاکھ بیرون ملک پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں تو آپ کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گروپ آئی ایم ایف کے سربراہ کو کہتا ہے کہ اگر آپ ہمیں پیسہ دیں گے تو ہم کرپشن نہیں کریں گے، وکلاء میرے ساتھ نکلیں، ہمارا ملک چوروں میں پھنسا ہوا ہے، ان کو پتا ہے کہ یہ الیکشن میں جیت نہیں سکتے، اسی لئے یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ کبھی کسی پارٹی کو ووٹ نہ دینا جس کے لیڈر کا پیسہ باہر پڑا ہو، قوم کی دولت کم ہو رہی ہے ان کا باہر پڑا پیسہ بڑھ رہا ہے۔
Comments are closed.