عام انتخابات کاانعقاد کسی کی دھمکی پر نہیں ہوگا،مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عام انتخابات کاانعقاد کسی کی دھونس اور دھمکی پر نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کوشش کر رہے ہیں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے اور اس وقت حکومت کا تمام فوکس سیلاب متاثرین کی بحالی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سیلاب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، سیلاب متاثرین کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام وہ کر رہے ہیں جو سیاسی یتیم ہیں جبکہ عدم استحکام پھیلانے والوں کو سیلاب متاثرین کی کوئی فکر نہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں اقتدار نہیں ہے تو خدا ناخواستہ ملک کو آگ لگا دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کے پاس کے پی کے اور پنجاب کے وسائل ہیں انہیں استعمال کر رہے ہیں، جو لوگ حقیقی آزادی کی بات کر رہے ہیں وہ ان کی اپنی انا اور تکبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج غیر متوقع ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے غیر معمولی سیلاب کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کسی کی دھونس اور دھمکی سے انتخابات پہلے یا بعد میں نہیں ہونگے، عام انتخابات مقررہ تاریخ پر ہی ہوں گے۔
Comments are closed.