ضلعی عدلیہ لاہورکے مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کا ایک اورتاریخی اقدام، ضلعی عدلیہ کے مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ محمد امیربھٹی نے کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرزپربھی لانچ کردیا۔
چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس شجاعت علی خان اور ٹیم کومبارکباد دی گئی۔
چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ جسٹس محمد امیربھٹی کی زیر قیادت ضلعی عدلیہ میں زیر التوا تمام مقدمات کاریکارڈ آن لائن کیا گیا۔
چیف جسٹس محمد امیربھٹی نے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کا دائرہ کار ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز تک بڑھانے کے احکامات جاری کردیے۔
راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم لانچ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
کچھ عرصہ قبل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کو بطورپائلٹ پراجیکٹ لاہورمیں لانچ کیا گیا تھا۔
لاہور میں کامیابی کے بعد صوبہ بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز پر ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو شروع کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس محمد امیربھٹی نے کہا کہ کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ضلعی عدلیہ میں انقلاب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کیس مینجمنٹ سسٹم اورریکارڈ مینجمنٹ کی بدولت جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیرہوگا۔
کیس مینجمنٹ سسٹم، ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور CMS موبائل ایپ ڈسٹرکٹ جوڈیشری پنجاب نے اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کوئی پیسہ خرچ کیے بنائے ہیں۔
کیس مینجمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے تمام 13 لاکھ سے زائد مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کیا گیا ہے۔
آن لائن سسٹم کی بدولت نہ صرف زیرِ سماعت مقدمات بلکہ فیصلہ شدہ امثالات سے متعلقہ معلومات عوام اور وکلاءکو آن لائن میسر ہوں گی۔ دونوں سسٹمز کی بدولت انصاف کی ترسیل کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنانے میں معاونت ملے گی۔
دونوں سسٹمز کو چلانے کے لئے مخصوص اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اسٹاف کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی جانب سے بذریعہ ویبینار(Webinar) آن لائن تربیتی کورسز بھی کروائے جائیں گے۔
Comments are closed.