سیلاب متاثرین کیلئے ٹیلی تھون کو کسی صورت نہ روکنے پر اتفاق
اسلام آباد (عابدعلی آرائیں)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی کے ارکان نے اتفاق کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے ٹیلی تھون کو کسی صورت نہیں روکا جانا چاہیے،کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈمیں اب تک 3ارب 30کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس سینیٹر سیمی ایزدی کی صدارت میں ہوا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں صورتحال انتہائی خراب ہے صوبے میں غیر متوقع نقصان ہوا ہے اور اس کیلئے سب غیر متوقع کوششیں بھی کررہے ہیں۔
فیصل جاوید نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کو ایک ارب روپے کی رقم دینے جارہی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے 10 ارب روپے سے زائد رقم ٹیلی تھون کے ذریعے جمع کی،لیکن تحریک انصاف کی ٹیلی تھون کو روکا جارہا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کے اس اعتراض پرکمیٹی ارکان نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنا اجتماعی مسئلہ ہے اس لئے ٹیلی تھون کو کسی صورت نہیں روکا جانا چاہئے۔اس دوران سینیٹر فیصل جاوید نے مشاہد حسین سید کو عمران خان کے تیسرے ٹیلی تھون میں شرکت کی دعوت بھی دے دی۔
این ڈی ایم اے حکام نے بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم کے سیلاب ریلیف فنڈ میںاب تک 3.3 بلین روپے اکٹھے ہوئے ہیں،کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب کے تین اضلاع سیلاب سے متاثرہ ہیں، بلوچستان کے 32 اضلاع، خیبر پختون خواہ کے 17 اضلاع سندھ کے 23 اضلاع گلگت بلتستان کے 6 اضلاع متاثر ہیں، پنجاب، بلوچستان، کے پی، گلگت بلتستان میں سروے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ سندھ میں ابھی سروے ٹیمیں نہیں بن سکیں، کیونکہ سندھ میں پانی کم ہونے پر سروے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے شمالی علاقہ جات میں گلیشیر کے پگھلنے کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں خراب موسم کی قبل از وقت وارننگ کے تین سسٹم لگا دئیے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران چیئر پرسن کمیٹی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے جنگلات میں آتشزدگی کامعاملہ نمٹا دیا جانا چاہیے جس پر سینیٹر صابر شاہ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی اٹھایا ہی نہیں گیا تو نمٹایا کیوں جائے۔
انہوں نے مستقبل میں آتشزدگی روکنے کیلیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ اٹھایا جس پر کمیٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ آئندہ اجلاس میں جنگلات کی آتشزدگی کے حوالے سے معاملے کو دیکھا جائے گا۔
کمیٹی نے جنگلات میں آتشزدگی کے معاملے پرآئندہ اجلاس میں تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز وزارت جنگلات کو بلاتے ہوئے ، صوبوں میں جنگلات کی زمین پر قبضے کی رپورٹس بھی طلب کرلیں۔
اجلاس میں وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن، سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر کرشنا کماری ،سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر عابدہ محمد عظیم، سید صابر حسین شاہ، سینیٹر فیصل جاوید ، این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے شرکت کی۔
Comments are closed.