جے یو آئی کے بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کیلئے رابطے تیز ہوگئے

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کے لئے رابطے تیز ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے جے یو آئی کو بلوچستان حکومت میں شمولیت کے لئے دعوت دے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آج وزیر اعلیٰ بلوچستان جے یو آئی بلوچستان کے امیر اور وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان اور مولانا عبدالواسع کے درمیان بلوچستان حکومت میں جے یو آئی کی شمولیت سے متعلق مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا عبدالواسع وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی بلوچستان کے رہنماؤں کی جانب سے ابتدائی طور پر مولانا فضل الرحمان کو وزیراعلیٰ کی دعوت سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے مرکزی رہنماؤں سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے اور انہوں نے پی ٹی آئی کو بلوچستان حکومت سے الگ کرنے کی بھی شرط رکھ دی ہے، جے یو آئی کی شمولیت کی صورت میں پی ٹی آئی کو بلوچستان حکومت سے الگ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان آج مولانا عبدالواسع کی جانب سے دیئے گئے کھانے کی دعوت میں شرکت کریں گے اور ان کے درمیان کھانے پر ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور مولانا عبدالواسع کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہونی تھی، جو ملتوی کردی گئی تھی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.