جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے، پرویز الہٰی

چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ووکیشنل و ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت کے شعبوں اور پانی کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ جرمنی کا پنجاب حکومت کو واٹر سٹوریج کے حوالے سے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے جرمن سفیر کو جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرین سیلاب کی بحالی  کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان شدید متاثر ہوا ہے اور یہ ایک ایسا چیلنج ہے جس پر اقوام عالم کو فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں میں سیلاب سے تباہی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں جبکہ  پنجاب حکومت نے متاثرین سیلاب کی بحالی و آبادکاری کیلئے مربوط لائحہ عمل بنایا ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم اپنے وسائل سے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں جبکہ ہم نے گھروں، فصلوں اور لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد کا خصوصی پیکیج بھی دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کو آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے 2002 میں اپنے سابق دور میں کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو چینلائزڈ کرنے کا پروگرام شروع کیا، بدقسمتی سے بعد میں آنے والی حکومت نے اس پروگرام کو روک دیا لیکن اب ہم نے دوبارہ واٹر چینلائزڈ کرنے اور سمال ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قیمتی پانی کو سمندر میں جا کر ضائع ہونے سے روکنے کیلئے ڈیمز پاکستان کی بقا کیلئے ضروری ہیں، اگر ڈیم ہوتے تو پانی سے اتنی تباہی نہ ہوتی اور پانی بھی سٹور ہوتا، جتنے زیادہ ڈیم ہم بنائیں گے اتنی ہی تباہی سے بچیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے اور جرمنی کی جانب سے واٹر سٹوریج کیلئے تکنیکی معاونت کا کھلے سے خیرمقدم کریں گے جبکہ وکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت اور واٹر سٹوریج کے حوالے سے جرمنی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے۔

 اس موقع پر جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کے خواہاں ہیں اور وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں جرمنی کے سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری مسز ڈورٹا مگدالینا بیریزکی، چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری  وزیراعلیٰ جی ایم سکندر اور متعلقہ حکام  بھی موجود تھے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.