تعلیم سماجی و اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، صدر مملکت

صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم سماجی و اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی زیرِ صدارت نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) ، اسلام آباد کے حوالے سے اجلاس آج منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جامعات معیاری اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں پر توجہ دیں اور طلباء اور گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے جامعات ہائبرڈ اور آن لائن تدریسی طریقہ کار اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید ترین علم کی فراہمی ، طلباء کی فکری نشوونما کے لیے قابل، پرعزم اور پیشہ ور اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ تعلیمی شعبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی فکری صلاحیتوں کو مزید نکھاریں  کیونکہ تعلیم سماجی و اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان خواتین اور مرد وں کی تعلیم و تربیت سے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جاسکے گا اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کر کے ملک میں رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملکی معیشت اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامعات مارکیٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کورسز یا ڈپلومہ کورسز شروع کریں۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.