متاثرین کے امدادی کاموں میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین کے امدادی کاموں میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے متاثرہ ضلع صحبت پور کے دورے کے دوران وزیراعظم نے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔
اس دوران وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کے امدادی کاموں میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی وجہ سے وبائی امراض کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ متاثرین مضرصحت پانی پینے کی وجہ سے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحبت پور سیلاب سے بہت زیادہ متاثرہوا ہے جس کی وجہ سے مواصلاتی نظام، فصلیں ، مکانات ، سڑکیں پوری طرح تباہ ہوچکی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے 70 ارب روپے کی خطیر رقم متاثرین کے لیے مختص کی ہے جس میں سے اب تک 24 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اور بلوچستان حکومت نے صحبت پور میں کیمپ لگایا ہے جس میں تمام ضروری اشیا موجود ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو35 ارب کاریلیف دیا ہے اور 300 یونٹ والے صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ بھی نہیں لیاجائیگا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ترکئے سے موصول ہونے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
Comments are closed.