اقوام متحدہ مشکل وقت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کریگا، انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت مالی تعاون کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ اس مشکل وقت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کریگا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بہت متاثر ہوا ہے جو کہ موجودہ دور کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے جہاں پاک فوج، متعلقہ ادارے متاثرین کی امداد کے لئے سرگرم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث بڑی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس  ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ  پاکستان  کا مقصد سیلاب متاثرین اور پاکستان کے عوام سے  اظہار یکجہتی ہے۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو مشکل میں دیکھ کر بہت افسوس ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کومددفراہم کرنےکیلئےملکرکام کرنےکی ضرورت ہے اور اس موقع پر متاثرین کے لیے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل کا دورہ  ہمارے لئے باعث افتخار ہے اور اس مشکل وقت میں یو این سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں  سیلاب کے باعث بڑے پیمانےپر تباہی کا سامنا ہے، سیلاب نے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 3 کروڑ30  لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1300 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے تاہم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقوام متحدہ  اور عالمی برادری  کی مدد درکار ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.