حقیقی آزادی کی تحریک کا فیصلہ کن مرحلہ، تحریک انصاف کی تنظیمی تیاریوں میں تیزی
حقیقی آزادی کی تحریک کے فیصلہ کن مرحلے کے حوالے سے تحریک انصاف کی تنظیمی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے۔
مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و صدر تحریک انصاف شمالی پنجاب عامر محمود کیانی کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس ہوا جس میں حقیقی آزادی کی تحریک کے خصوصی تناظر میں ریجن کے تنظیمی معاملات اور سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ریجن میں تنظیمی سرگرمیوں کی افادیت کے پیش نظر قائم کیے گئے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کے نظام کے خدوخال پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے ریجن کو 4 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا جس میں جہلم، سرگودھا، خوشاب اور چکوال میں سرگرمیوں کا جائزہ میجر طاہر صادق اور ثناءاللہ مستی خیل لیں گے۔
راولپنڈی میانوالی کی تنظیمی سرگرمیوں کی نگرانی عنصر مجید نیازی اور زلفی بخاری کریں گے جبکہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر کی ذمہ دری فرخ حبیب اور فیضل اللہ کموکہ کے سپرد کر دی گئی۔
علاوہ ازیں غلام سرور خان اور فواد چوہدری فیصل آباد، چنیوٹ اور اٹک میں جاری تنظیمی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کے ذمہ داران اپنے متعلقہ علاقوں میں تنظیمی کمزوریوں کی نشاندھی کریں گے اور باضابطہ رپورٹ جمع کروئیں گے۔
ریجن کی سطح پر قائم یہ چاروں کمیٹیاں ضلع اور تحصیل کی سطح پر تنظیمی عہدیدران، اراکین پارلیمان، اسٹیک ہولڈرز اور کارکنان کے درمیان تنازعات بھی نمٹائیں گے۔
‘پاکستان سیاسی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے’
عامر محمود کیانی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاسی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، ایک مضبوط اور فعل تنظیم ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر تحریک انصاف شمالی پنجاب کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے ویژن کی روشنی میں تنظیمی دائرہ کار بڑھانے اور سرگرمیوں میں مربوط توسیع اولین ہدف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکمل طور پر متحد اور متحرک تنظیمی ڈھانچے کے ذریعے پاکستان کو حقیقی آزادی سے ہم کنار کرنے کی تحریک میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ زلفی بخاری، میجر طاہر صادق، غلام سرور خان، انصر مجید نیازی اور ثناء مستی خیل اجلاس میں شریک ہوئے۔
Comments are closed.