بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس کے نظام کو ختم کیا جائے، میاں ذکر اللہ مجاہد

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس کے نظام کو ختم کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز اور اووربلنگ کے خلاف شہر بھر میں واپڈا دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا اعلان کیا ہے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو دھوکہ دینے میں عمران خان سے  بھی بڑے یوٹرن نکلے ہیں،  پہلے بجلی کے بلوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی معافی کا اعلان کیا  پھر دوبارہ فیول اجسٹمنٹ چارجز کی وصولی کا اعلان کرکےعوام دشمنی کا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ اور فیول اجسٹمنٹ کی بھتہ خوری نہیں چلنے دیں گے، ہزاروں روپے کے بلز غریب اور متوسط طبقے کے لیے جمع کروانا نا ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے دفاتر میں اوور بلنگ اور دیگر شکایات لے کر جانے والے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے جبکہ لیسکو انتظامیہ بجلی چوری کے بل  بھی شہریوں سے وصول کررہی ہے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ مساجد بھی ٹی وی ٹیکسز ادا کررہی ہیں جو حکومتی بے حسی اور ظلم کی  انتہا ہے،  ایسی گھمبیر صورتحال میں جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہر بھر میں لیسکو دفاتر کے باہر زونز اور علاقہ کی سطح پر احتجاجی مظاہرے اوردھرنے دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان فیول اجسٹمنٹ کے چارجز کی وصولی کے فیصلے کو فوری واپس لے جبکہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس کے نظام کو بھی ختم کیا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنی بجلی صارفین استعمال کریں ان سے اتنا بل وصول کیا جائے کیونکہ درجنوں ٹیکسز کی بھر مار اور اووربلنگ کی وجہ سے اب عوام  کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے عوام دشمنی جاری رکھی توجماعت اسلامی چھوٹے بڑے واپڈا کے دفاتر کے ساتھ حکمرانوں کا بھی گراؤ کرے گی اور عوام کے حقوق کے لیے آئینی، قانونی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھے گی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.