وزیر خارجہ کی امریکی نمائندہ خصوصی دلاور سید سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ اور امریکی نمائندہ خصوصی دلاور سید کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے کمرشل و کاروباری امور دلاور سید سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں سیلاب کی صورتحال، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات ، امریکی معاونت اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی امور دلاور سید نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر خارجہ نے سیلاب کے دوران امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہا ہے۔
علاوہ ازیں دوران ملاقات پاک امریکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک سے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے ہو گی جس دوران وزیر خارجہ بلاول امریکی ہم منصب سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کریں گے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے لیے مزید تعاون کی درخواست کریں گے۔
اسکے علاوہ پاک، امریکہ تجارتی، اقتصادی، عوامی تعلقات، امریکی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی جبکہ پاک، امریکہ وزرائے خارجہ پاکستانی وقت کے مطابق رات سوا ایک بجے مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ پاکستان میں تباہ کن سیلابی صورتحال، امدادی امور، بحالی و تعمیر نو پر گفتگو کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان، امریکہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی خصوصی تقریب امریکہ کے نیشنل میوزیم میں منعقد ہو گی جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکی ہم منصب کے ساتھ تقریب میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول کا واشنگٹن میں امریکی سینیٹ، کانگریس ارکان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے جبکہ وزیر خارجہ بلاول سے پاکستانی کاکس کی سربراہ کانگریس کی رکن شیلا جیکس لی بھی ملیں گی اور وزیر خارجہ واشنگٹن میں قیام کے دوران امریکی اعلیٰ حکام، پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔
Comments are closed.