تمام ناکام سیاستدانوں پر عمران خان اور ان کی مقبولیت کا خوف طاری ہو چکا ہے، فرخ حبیب

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تمام ناکام سیاستدانوں پر عمران خان اور ان کی مقبولیت کا خوف طاری ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری کی گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پاکستان میں آئین و قانون معطل اور اسمبلی پر قبضہ کیا ہوا ہے، کرائم منسٹر اور حواری اپنی چوری معاف کروانے اور ہر الٹا سیدھا کام کروانے کی خاطر اقتدار پر قابض ہوئے.

فرخ حبیب نے کہا کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور کرائم منسٹر ایک چور، مفرور مجرم کے قدموں میں بیٹھا ہوا ہے، پی ڈی ایم نے جو جھوٹا بیانیہ بنایا، عوام نے اس کو سرعام بے نقاب اور مسترد کیا، تحریک انصاف کے فقید المثال جلسے اور عوامی پزیرائی عمران خان کی سچائی کا مظہر ہیں، آڈیو لیکس سے ثابت ہوا کہ امپورٹڈ حکومت اقتدار کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اشتہاری مفرور ہیں ان سے استعفوں کی منظوری کا فیصلہ کس حیثیت میں کروایا جا رہا ہے؟ منتخب حکومت کے خلاف سازش کرنے والا ٹولہ آج کرائم منسٹر کی آڈیو لیک پر حیرت زدہ ہو رہا ہے، چوروں کے ٹولے کو بیرونی سازش کا آلہ کار بنتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کی حساسیت کی پرواہ نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ کرپٹ ٹولہ درحقیقت پاکستان کی سالمیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، عمران خان کہتے رہے سازش کا پتا چلانے کے لئے سائفر پر تحقیقات ہونا بہت ضروری ہے مگر تب کسی کے سر پر جوں نہ رینگی، اقتدار میں آکر اپنے خاندان کو نوازنا شریف خاندان کا بہت پرانا وطیرہ ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مریم نواز نے کئی جھوٹ بولے اور پکڑے گئے، وہ جھوٹ بولنے میں ید تولہ رکھتی ہیں، ڈان لیکس سے لے کر ویڈیو لیکس تک مریم نواز کا ایجنڈا ملکی مفاد کے مخالف رہا، شہباز شریف کی کامیابی صرف یہ ہے کہ وہ شدت سے بھیک مانگتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے معیشت کی بنیادیں ہلا دیں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اسحاق ڈار کے تجربوں کا خمیازہ قوم آج تک مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، نواز شریف کو چوری اور پاکستان کو دھوکا دینے پر ہٹایا گیا، نواز شریف نے متعدد بار ملک کو لوٹا اور پھر ملک سے فرار ہو گیا، امپورٹڈ حکومت نے ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک میں پاکستان ان تمام چوروں سے جلد نجات حاصل کر لے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کچھ دیر قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کی عادت ہے پہلے گریبان پکڑتے ہیں پھر پائوں پڑ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت سے نکلے تو کہا خفیہ سازش امریکہ نے کی ہے، سازش کا بیانیہ پٹ گیا تو ہمارے شہیدوں کی شہادتوں سے کھیلا گیا، پھر ان کے چیف اسٹاف شہباز گل نے بغاوت کا اعلان کر دیا، بغاوت کا بیانیہ پٹ گیا تو آئی ایم ایف کی ڈیل کو سبوتاژ کرنے کیلئے شوکت ترین کی ڈیوٹی لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم لیکس کی تحقیقات ہونی چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ وزیر اعظم ہاوس کی بات چیت کا ڈیٹا بکا کرے گا، نجی گفتگو میں مریم نواز نے نہیں کہا ہیرے لے ہیرے دے کر کام نکلوا لو۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مریم نواز تو عمران خان کا ہمیشہ نشانہ رہی ہیں، مریم نواز کی بیٹی اور داماد اور رشتوں تک کو نہیں چھوڑا گیا، مریم نواز کے داماد رشتہ داری سے قبل ہی بڑے بزنس مین ہیں، مریم نواز کی گفتگو میں بھی میرٹ کی بات ہوئی، وزیر اعظم ہاوس کو کون نشانہ بنا رہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ جب تحقیقات ہوں گی تو معلوم ہو گا کیا بات توڑی مروڑی گئی، تحقیقات ضرور ہونی چاہیے، پاکستان کی سالمیت کا معاملہ ہے، مریم نواز ممبر نہیں بنی اور سزا سابق وزیر اعظم والی کاٹی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی سیاسی قیمت دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، قیمتیں آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق  بڑھائی ہیں جس معاہدے پر عمران خان کے انگوٹھے لگے ہیں، اسحاق ڈار وزیر خزانہ کے ساتھ پولیٹیکل منیجر بھی ہیں، عمران خان سے جو بھی بات ہو گی پارلیمنٹ کے اندر جماعتوں سے ہو سکتی ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.