سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر توجہ دینا ہوگی، سراج الحق

سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر توجہ دینا ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گلگت بلتستان میں ضلع غذر کے سیلاب سے شدید متاثرہ گاؤں شیر قلعہ اور بوبر میں خیمہ بستیوں کا دورہ کیا ہے۔

سراج الحق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی سیاسی چپقلش پر تنقید کی اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو باہمی مشاورت کیساتھ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر توجہ دینا ہوگی اور اعلان کردہ پیکیچ فوری متاثرین کو پہنچانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ بصورت دیگر 6 لاکھ سے زائد حاملہ خواتین سے جنم لینے والے بچے بغیر چھت کے بیماریوں کیساتھ پیدا ہونگے ، جو ایک بڑا ڈیزاسٹر ثابت ہوگا۔

سراج الحق کی قوم سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپیل

دوسری جانب اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قوم سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپیل بھی کی۔

سراج الحق نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری انجام نہیں دے رہیں، مخیر حضرات آگے بڑھیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب میں لاکھوں لوگ کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بچوں اور بچیوں کے کھانے کے لیے راشن، پینے کے لیے دودھ نہیں جبکہ بچوں میں دست، قے کی بیماریاں پھیل رہیں، ادویات غائب ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرین کو فوری طور پر ٹینٹس کی ضرورت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز لوگوں تک نہیں پہنچ رہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومتوں نے امداد اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فراہم کر دی، متاثرین کو پرچی پر ملتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں مگر ظالم حکمران مصیبت کے وقت بھی سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کو کہتا ہوں کہ امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.